منگلورو 14/ نومبر (ایس او نیوز) عطّاور علاقہ میں ایک زیر تعمیر عمارت کے پاس گرینائٹ کا بڑا سا ٹکڑا لاری سے پھسل کر گرنے کی وجہ سے ایک 30 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت عبدالرحمٰن رضوان کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ عبدالرحمٰن اس زیر تعمیر عمارت کے لئے اکاونٹنٹ کے بطور فرائض انجام دے رہا تھا ۔ جب گرینائٹ کا ٹرک اس عمارت کے پاس پارک کیا گیا تھا تو بلڈنگ سپروائزر نے عبدالرحمٰن کو گرینائٹ سلیب کے فوٹو گرافس لینے کو کہا ۔ جب اس مقصد کے لئے عبدالرحمٰن ٹرک کے عقب میں پہنچا تو اچانک گرینائٹ کا ایک سلیب پھسل کر اس پر آگرا اور اس کے نیچے کچلے جانے سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی عبدالرحمٰن کو فوری طور پر ہاسپٹل لے جایا گیا مگر اس کی جان بچانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور اس نے دم توڑ دیا ۔
اس معاملے میں پانڈیشور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔